روس (جیوڈیسک) روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوچی میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ان کی بات سنتے اور مانتے ہیں۔ وہ امریکا اور روس کے باہمی تعلقات کو خوش گوار بنانا چاہتےہیں۔ اگرچہ امریکا کا اندرونی موقف صدر ٹرمپ کی سوچ کے برعکس ہے مگر ڈونلد ٹرمپ خود روس کے قریب آنا چاہتےہیں۔
روسی صدر نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کی جب ان سے پوچھا گیا کہ صدر ٹرمپ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کسی کی نہیں سنتے بلکہ اپنی مرضی کرتے ہیں۔
صدر پوتین نے ان خیالات کا اظہار ساحلی سیاحتی مقام سوچی میں ایک فورم سے خطاب کے بعد کیا۔
صدر پوتین کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ صدر ٹرمپ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی دور کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ من مانی کرتے ہیں اور کسی کی نہیں سنتے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اور صدر ٹرمپ کے درمیان اختلافات فطری بات ہے اور ہم بہت سے امورمیں اپنی اپنی رائے رکھتے ہیں ہمیں دوسرے ممالک کے رہ نمائوں کی بات سننی ہوتی ہے۔