ٹرمپ کی ٹوئیٹ پاکستان کی قوم جاگ رہی ہے

Donald Trump

Donald Trump

تحریر : چودھری عبدالقیوم
مکرمی؛ نئے سال کے پہلے روز امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ایک ٹوئٹ نے عالم اسلام خاص طور پر پاکستان میں ایک ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو 33ملین ڈالر کی امداد دینا امریکہ کی بیوقوفی تھی کیونکہ اس کے بدلے میں پاکستان نے کچھ نہیں کیا۔صدر ٹرمپ دنیا کے واحد صدر ہیں جس سے اس کے اپنے امریکی عوام سمیت دنیا بھر کے لوگ نفرت کرتے ہیں ۔جس کے صدر منتحب ہوتے ہی امریکہ کیساتھ کئی یورپین ممالک میں اس کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔متنازعہ شخصیت کے مالک ٹرمپ نے اپنا پہلا حکم مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگانے کا جاری کیا تھا جسے امریک عوام سمیت پوری دنیا نے ناپسند کیا تھاجس کے خلاف امریکی عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں۔

بعد ازاں اس نے اپنا سب سے بدترین اور نفرت انگیز کام بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا کیا تھا جس کے خلاف دنیا بھر کے عوام اور بالخصوص عالم اسلام میں ٹرمپ کیخلاف بھرپور مظاہرے جاری کیے جارہے ہیں ۔اب اس نے ایک اور احمقانہ ٹوئٹ جاری کی ہے جس کے ذریعے اپنے ایسے اتحادی پاکستان پر کاری وار کیا ہے۔جس نے دہشتگردی کی پرائی جنگ میں ستر ہزار سے زائد قیمتی جانوںکا نذرانہ دیا ہے جبکہ 33ارب ڈالر کی امریکی فوجی امداد سے کئی گنا زیادہ مالی نقصان برداشت کیا ہے جس کا پوری دنیا اعتراف کرتی ہے اورابھی چند ماہ پہلے تک ٹرمپ نے بھی پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کا برملا اعتراف کیا تھا۔لیکن اب اس جنونی ٹرمپ نے سب کچھ فراموش کرکے کہا ہے کہ امریکہ کیطرف سے پاکستان کی فوجی امداد بیوقوفی تھی جس کے بدلے میں پاکستان نے جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔دوسرے الفاظ میں ٹرمپ نے پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو نہ صرف یکسر نظرانداز کیا ہے بلکہ اس نے امریکہ کے سابقہ حکمرانوں کی پالیسی کو بھی بیوقوفی قرار دیا ہے۔

جسے بلاشبہ ٹرمپ کی بیوقوفی اور عالمی حالات سے لاعلمی ہی کہا جاسکتا ہے۔جو نہ صرف پوری دنیا بلکہ امریکہ کے لیے بھی بہت زیادہ خطرناک ہے کہ اس کے صدر کو اپنے اتحادیوں کی قربانیوں سے کوئی آگاہی یا سروکار نہیں۔ٹرمپ نے اپنی صدارت کے پہلے سال میں ہی اپنی نالایکیوں سے نہ صرف اپنے آپ کو صدارت کے لیے ناہل ثابت کردیا ہے بلکہ اپنے اقدامات سے امریکہ کے لیے بہت زیادہ مشکلات کھڑی کردی ہیں ٹرمپ کی یہ پالیسی نہ بدلی تو امریکہ نہ صرف دنیا میں تنہا ہوجائیگا بلکہ اس کی معشیت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ ڈونالڈٹرمپ امریکہ کا صدر بننے کا اہل ہی نہیں تھا اس کا انتخاب امریکی جمہورییت کی ایک تاریخی غلطی کہا جا سکتا ہے جس کے مستقبل میں امریکہ کو بہت زیادہ نقصانات اٹھانا پڑیں گے۔ایک اور بات بھی کہ دنیا کو اور خاص طور پر بھارت کو چین کے اشتراک سے پاکستان میں سی پیک منصوبہ برداشت نہیں ہورہا جس کے خلاف وہ امریکہ کے ساتھ مل کر مکروہ سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔

ہوسکتا ہے کہ ٹرمپ کی یہ دھمکی اسی بھارتی سازش کی ایک کڑی ہو ۔لیکن انڈیا اور امریکہ کو یہ بات ضرور ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ پاکستان کسی بھی سازش کہ ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں ۔اور سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ اللہ کے فضل وکرم سے پاکستانی قوم جاگ رہی ہے وطن کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑا ہے۔ٹرمپ کی گیدڑبھبکیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ہیں۔انشائ اللہ

Ch. Abdul Qayum

Ch. Abdul Qayum

تحریر : چودھری عبدالقیوم
چیف ایڈیٹر؛ پندرہ روزہ ؛ بسالت؛ سیالکوٹ۔لاہور
ممبر؛ ورلڈ کالمسٹ کلب پاکستان