واشنگٹن (جیوڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور 45 ویں امریکی صدر وہائٹ ہاؤس پہنچنے کی صورت میں بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ امریکا کی خاتون اول بننے والی خاتون کون ہیں ؟
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مشہور ارب پتی تاجر کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ 1996 میں سلووینیا سے غیر قانونی طور پر ہجرت کر کے امریکا آئیں اور وہاں فیشن ماڈلنگ کا آغاز کر دیا۔
تاہم ملانیا نے ستمبر میں اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اس امر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا میں قانونی طریقے سے داخل ہوئی تھیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے بھی تصدیق کی تھی کہ ملانیا 27 اگست 1996 کو وزٹ ویزا پر امریکا میں داخل ہوئیں جس کے دو ماہ بعد انہوں نے ورک پرمٹ حاصل کر لیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ امریکا میں ہجرت کی پالیسیوں کے شدید ترین مخالفین میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا ایک بڑا حصہ غیر قانونی مہاجرین اور تارکین وطن کے خلاف سخت ترین اقدامات کے متعلق گفتگو کی نذر کیا۔ ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملانیا ٹرمپ کے متعلق 20 سال پرانے دستاویزات سے انکشاف ہوتا ہے کہ انہوں نے امریکا میں کام کرنے کا قانونی اجازت نامہ حاصل کرنے سے قبل 7 ہفتوں میں 10 نوکریوں کے ذریعے تقریبا 20 ہزار ڈالر کمائے تھے۔
ملانیا ٹرمپ نے مارچ 2001 میں “گرین کارڈ” حاصل کیا اور 2006 میں وہ امریکی شہری بن گئیں۔ ملانیا نے اپنے شوہر کی انتخابی مہم کے دوران میڈیا پر بکثرت نمودار ہونے سے گریز کیا۔ تاہم ٹرمپ پر لگنے والے جنسی ہراسیت کے الزامات کے سبب انہیں اپنے شوہر کے دفاع کے لیے مجبورا میڈیا کے سامنے آنا پڑا۔
ٹرمپ کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ صدر باراک اوباما کی اہلیہ میشیل اوباما کی اس بات سے متفق ہیں کہ عورت کی مرضی کے بغیر اس کو چُھونا جنسی حملے میں شمار ہوتا ہے۔ تاہم انہوں نے بنا ثبوت کے کسی بھی شخص پر الزام لگانے کو شدت سے مسترد کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران 11 خواتین نے گواہی دی کہ ریپبلکن امیدوار نے انہیں مختلف زمانوں میں جنسی ہراسیت کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ کی جانب سے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی گئی کہ “جھوٹ بولنے والی” مذکورہ خواتین کو صدارتی انتخابات کے فورا بعد قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
ملانیا ارب پتی امریکی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری بیگم ہیں۔ ریپبلکن امیدوار کی پہلی شادی جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی فیشن ماڈل اویوانا تزلینکوف سے ہوئی تھی جسے ٹرمپ کی تین اولادیں ہوئیں۔ 1993 میں ٹرمپ فلمی اداکارہ مارلا میبلیس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اس سے ٹرمپ کی ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ 1999 میں ٹرمپ نے مارلا کو طلاق دے دی۔ 2005 میں ریپلکن امیدوار نے ملانیا سے شادی کی جس سے ان کا ایک بیٹا ہے۔