وائٹ ہاوس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز کو دعوت دی ہے کہ مسائل کے حل کے لیے دیگر خلیجی ممالک سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔
وائٹ ہاوس کے نائب ترجمان جڈ ڈئیر نے تحریری بیان میں بتایا کہ صدر ٹرمپ نے سعودی شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں سعودی عرب کی جی ٹوئنٹی تنظیم کی قیادت بخوبی نبھانے پر تعریف کرتےہوئے امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ ہفتے تل ابیب سے ابو ظہبی جانے والی پرواز کےلیے سعودی عرب کا اپنی فضائی حدود کا کھولنا ایک اچھا فیصلہ تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور عرب امارات کے درمیان ابراہام معاہدے سے علاقائی سلامتی و خوش حالی میں اضافہ ہوگا اور میں نے سعودی فرماں روا سے امید کی ہے کہ وہ علاقائی مسائل کے حل میں دیگر خلیجی ملکوں سے بھی روابط بڑھائیں۔
ٹرمپ نے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتےہوئے شاہ سلمان کی قیادت کو سراہا ۔