کراچی (جیوڈیسک) ڈاؤیونیورسٹی نے اپنے قیام کے 10 سال مکمل کرلیے، یونیورسٹی کے تحت 55 ادارے وشعبہ جات بھی قائم کیے گئے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن سمیت دنیا کے دیگر علمی و تحقیقی اداروں نے یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی تعلیم و تربیت اور تحقیق کو سراہا، سندھ اسمبلی سے منظور چارٹرڈ کے تحت ڈاؤ یونیورسٹی 14 جنوری 2004 کو قائم کی گئی، ڈاؤیونیورسٹی نے 10 سال کے دوران 6 ہزار ایم بی بی ایس، 197 بی ڈی ایس ڈاکٹر، 403 میڈیکل ٹیکنالوجی گریجویٹ، 279 نرسنگ گریجویٹ اور 102 فارمیسی گریجویٹ تیار کیے جبکہ یونیورسٹی نے عالمی معیار کے 55 شعبہ جات قائم کر کے پاکستان میں ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کر لیا۔
یونیورسٹی کے قیام کو 10 سال مکمل ہونے کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی گئی جس میں یونیورسٹی کے چانسلر و گورنر عشرت العباد نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا اور وائس چانسلر سمیت دیگر اراکان فیکلٹی کو مختصر عرصے میں 55 شعبہ جات قائم کر نے پر خراج تحسین بھی پیش کیا، پروفیسر مسعود حمید خان کو 14 جنوری 2004 میں پہلے وائس چانسلر کی حیثیت سے چارج دیا گیا۔