وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) اندرون شہر جی ٹی روڈ کے اطراف پر بااثر مالکان نے دیواریں، نرسریاں، پارکنگ اسٹینڈز بنا کر قبضہ کر لیا۔ شہریوں کا مقامی انتظامیہ، اعلیٰ حکام سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ۔ شہریوں نے بتایا کہ چند سال قبل تک سڑک کے دونوں اطراف کچے رستے بطور سروس روڈ استعمال ہوتے تھے جہاں پیدل آنے جانے والے افراد کے علاوہ سائیکل، موٹر سائیکل سوار ان رستوںکو استعمال کر کے حادثات سے محفوظ رہتے تھے۔
جبکہ ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی بااثر افراد نے مین جی ٹی روڈ تک اپنے اپنے رستوں کی دیواریں بنانے کے علاوہ ذاتی پارک اور پارکنگ اسٹینڈ تشکیل دے لئے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو مجبوراََ سڑک پر آنا پڑتا ہے جو تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آکر اکثر زخمی ہوجاتے ہیں۔
شہریوں نے حادثات کی شرح میں کمی لانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد ، ڈی سی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر مالکان کی تجاوزات کو ختم کروا کے جی ٹی روڈ کیساتھ کچے رستوں کو بطور سروس روڈ بحال کرایا جائے تا کہ حادثات کی شرح میں کمی آ سکے۔