گجرات: ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے سبزی و فروٹ منڈی جلالپور جٹاں کا اچانک دورہ کیا اور سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔ دونوں افسران علی الصبح جلالپورجٹاں پہنچے جہاں مارکیٹ کمیٹی اور پولیس کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوںنے سبزی منڈی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور نیلامی کے لئے لائی گئی سبزیوں اور پھلوںکے معیار کو چیک کیا۔
ڈی سی او نے ہدایت کی کہ مارکیٹ میں لائی جانیوالی تمام سبزیوں اور پھلوں کی شفاف نیلامی یقینی بنائی جائے۔ انہوںنے واضع کیا کہ کسی بھی ناجائز منافع خور کو ہرگز ذخیر ہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پانچ بوری سے زیادہ مال ذخیرہ رکھنے والوںکے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔ انہوںنے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور تمام پھلوں اور سبزیوں کے ریٹ کارڈ جاری کئے جائیں۔ انہوںنے خبردار کیا کہ ریٹ کارڈ نہ لگانے والوں اور مقررہ سے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔