راولپنڈی: صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیر سیالوی نے ایرڈ ایگری کلچرل یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان فی الفور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے اقدامات کرے۔ شہیر سیالوی کا کہنا تھاکہ امریکی صدر نے جن خواتین کی رہائی کے لئے دستخط کئے ہیں ان میں ایک ڈاکٹر عافیہ بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضہ یہ ہے کہ حکومتِ پاکستان اب امریکہ کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں باضابطہ خط لکھے تاکہ انکی واپسی ممکن ہو سکے۔
اس موقع پر صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ نے حکمران جماعت کے نمائندوں وزیرِ تعلیم پنجاب رانا مشہود ، ایم پی ایز تحسین فواد، زیب النساء اورلبنیٰ پیرزادہ کی موجودگی میں ایک قرارداد بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ماضی میں ڈاکٹر عافیہ کے خاندان سے ان کی رہائی کے وعدے کرتے رہے ہیں۔ انہیں اقتدار میں اپنے وعدے پورے کرکے دکھانے چاہئیں۔