اسلام آباد (جیوڈیسک) فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو گیارہ سال گزرنے کے باوجود بھی رہا نہیں کرایا جا سکا۔ حکومت کب تک تسلیاں دیتی رہے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ تا حال حکومت پاکستان نے سرکاری طور پر امریکہ کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے کوئی درخواست نہیں دی۔ فوزیہ صدیقی کہتی ہیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے عالمی تحریک شروع کر دی ہے۔
کراچی سے اسلام آباد پہنچنے کے بعد بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے کہا کہ گیارہ سال ہو چکے ہیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی تا حال رہا نہیں ہوئیں حکومت پاکستان کب تک تسلیاں دیتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر عافیہ کا کیس لڑیں گے۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے عالمی تحریک دو مارچ سے شروع کر دی ہے دنیا بھر کی اسی تنظیموں نے اس تحریک کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم، وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کروں گی۔ معلوم ہوا ہے کہ تا حال حکومت پاکستان نے سرکاری طور پر امریکہ کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے کوئی درخواست نہیں دی۔ امریکی سکالر ماؤریسالان نے کہا کہ ایک بے قصور خاتون کو قید میں رکھنے پر اپنی حکومت پر شرم آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو معلوم ہے ڈاکٹر عافیہ صدیقی بے قصور ہیں اس کے باوجود انہیں رہا کیوں نہیں کیا جا رہا۔ ماؤریسالان نے کہا کہ امریکی حکومت اپنی نا اہلی اور جرم کی وجہ سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں سے اپیل کی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ جلد حل کیا جائے۔