اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی ایٹم بم کے خالق معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 78 برس کے ہو گئے۔ یکم اپریل بروز منگل ان کی 78ویں سالگرہ ہو گی۔ اس روز ان کے مداح خصوصی تقاریب منعقد کریں گے جس میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ان کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل 1936ء کو بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک نامور سائنسدان تھے۔ انہوں نے مئی 1998ء میں بلوچستان کے شہر چاغی میں ایٹم بم کا کامیاب تجربہ کیا جس کے بعد پاکستان پہلے اسلامی ملک کے طور پر سامنے آیا جو کہ ایٹمی طاقت سے مالا مال تھا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہلال امتیاز اور پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز نشان امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک ممتاز کالم نگار بھی ہیں۔ انہوں سائنسی، تحقیقی اور مختلف موضوعات پر سینکڑوں مضامین بھی لکھے ہیں۔ فیس بک پر ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔