اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے الخدمت نعمت اللہ خان ہسپتال تھرپارکر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کی وفات پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ ہم ایک عظیم انسان دوست ہستی سے محروم ہوگئے ہیں۔آپ الخدمت فاؤنڈیشن کے ایک مخلص ساتھی تھے،آپ کی تمام زندگی بطور مسیحاانسانیت کی خدمت سے عبارت ہے۔آپ الخدمت کی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنی ٹیم کے ہمراہ فرنٹ لائن فورس کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔
آپ کی مثالی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقادر سومرواس وقت الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر اورالخدمت نعمت اللہ خان ہسپتال تھرپارکر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تھے۔ آپ کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہوئے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔آپ یکم فروری 1956کو سندھ کے ضلع شکارپور میں پیدا ہوئے۔ آپ نے 1981 میں چانڈکا میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس جبکہ بعد ازاں اپنے ہی شعبہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی اورماہر امراض جلد و بطور فیملی فزیشن 38 سال خدمات سر انجام دیں۔ڈاکٹرعبدالقادر سومرو نے ڈاکٹرز کی ملک گیر تنظیم پیما کے صوبہ سندھ کے صدر و نائب صدر کے طور پر متحرک و فعال کردار ادا کیا۔آپ نے پاکستان اسٹیل ملز ہسپتال میں بطورسی ایم اواورکراچی کے ایک بڑے ہسپتال الخدمت فریدہ یعقوب ہسپتال میں بطور ایم ایس بھی خدمات سرانجام دیں۔