اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ہائیکورٹ نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی آخری درخواست پر وزارت داخلہ اور صحت سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی آخری دستخط شدہ درخواست پراسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی جو طلبہ پر تشدد اور پی ایم سی کے امتحانات کے خلاف دائر کی گئی تھی۔
ایڈوکیٹ وقاص ملک نے عبدالقدیرخان کی درخواست ان کی وفات کے بعد خود دائرکی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کتنے طلبہ تشدد سے زخمی اورکتنے گرفتار ہوئے؟ این ایل ای ٹیسٹ کیسے لیے جارہے ہیں؟ اس پراسس سے آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے مرحوم ایٹمی سائنسدان کی درخواست پر سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے بھی تین ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے اور وزارت داخلہ سے میڈیکل کے طلبہ کےخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔