لاہور (اقبال کھوکھر) پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری سمیت دنیا بھر میں مقیم کیتھولک حلقوں نے پاپائے اعظم روم سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان میں طویل عرصہ سے روحانی، بشارتی اور بین المذاہب خدمات سرانجام دینے والے بشپ ڈاکٹراینڈریو فرانسس کو پاکستان کا پہلا مبارک اور مقدس قراردینے کا اعلان فرمائیں۔
متعدد اداروں اور سوسائٹیوں نے اس حوالے سے باقاعدہ خاموش مہم کابھی آغازکردیا ہے کہ پاپائے روم نہ صرف پاکستان تشریف لائیں بلکہ حال ہی میں خداوند میں سوجانے والے بشپ ڈاکٹراینڈریو فرانسس کو مبارک اور مقدس قراردینے کے لئے بھی باقاعدہ اعلان فرمائیں۔مزیدبراں بشپ اینڈریو کے چاہنے والوں اور فرانسس خاندان کی طرف سے بھی ایسی نیک خواہشات کااظہارکیا گیا ہے اور انہوں نے پوری دنیا میں بسنے والی کاہنانہ برادری،راہبات اورمومنین سے گزارش کی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی روزمرہ دعائوں کاسلسلہ جاری رکھیں۔بشپ اینڈریو کے خاندان نے ان تمام مسیحی حلقوں کا ممونیت کے ساتھ شکریہ اداکیا جنہوں نے بشپ اینڈریوکو مبارک اور مقدس قراردینے کے لئے مہم کا آغاز کیا۔