ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری نے پیپلزپارٹی کی نیندیں چرالیں

Dr Asim Hussain

Dr Asim Hussain

تحریر: پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد خورشید
سندھ کے کرپشن کے ماحول میں لوگوں کی سانسیں گھُٹی جا رہی ہیں۔ مگر حکمران پیپلز پارٹی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔اب جبکہ کئی روز کی ناسازیِ طبع کے بعدوزیر داخلہ چوہدری نثار احمد خان منظر نامے پر نمودار ہوے تو ان کے مخالفوں کے تو جیسے چھکے چھوٹ گئے۔اس ماحول میں انہوں نے محسوس کر لیا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت مرکز سے منہ بسورے کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ رینجرز کو اختیارات دینے کے تیار نہیں ہیں۔

جب تک رینجرز ایم کیو ایم کے خلاف ایکشن میں تھی تو سب کی باچھیں کھلی ہوئی تھیں اور سب پیپلے ایک سے ایک بڑھ کر ایک اپنی اپنی بھڑاس نکال رہے تھے۔مگر برا ہو ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کا کہ جس نے پیپلز پارٹی کے سب کئے دھرے پر پانی کی پچکاری مار دی۔جیسے ہی رینجرز نے ہڈی کے ڈاکٹر پر ہاتھ ڈالا پیپلز پارٹی کے ایوانوں میں 440وولٹ کا اچانک جھتکا لگ گیا اور ہر جانب افراتفری کی سی کیفیت پیدا ہوگئی۔

دوبئی میںسابق صدر زرداری پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہم سے اگر اداروں نے ٹکر لی تو اُن کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے!!! اس بیان کی وجہ یہ بنی کہ میگا کرپشن کے سلسلے میں ایان علی اور بعد میں ڈاکٹر عاصم سے کرائے گئے اعترافات سے پیپلز پارٹی کے وزراء اور زرداری کی تمام کی تمام پول پٹیاں اداروں کے سامنے نہ آجائیں۔جس کی وجہ سے بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام عوام کے سامنے آجائیں گے تو ادارے تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

PPP

PPP

زرداری اور پیپلز پارٹی کے وزراء اور سفراء کی کرپشن کی داستانیں اپنے پٹ کھولیں گی تو وہ تمام دولت جو بے ایمانی اور کرپشن سے انہوں نے دنیا میں اکٹھی کر رکھی ہے کہیں اُس سے انہیں ہاتھ دھونا نا پڑ جائیں اورآئندہ کا اقتدار تو ان کے ہاتھوں سے گیا ہی گیا۔جس کی وجہ سے ہر پیپلز پارٹی کے رہنما کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور وہ سب بے خودی کے عالم میں کروٹیں بدل رہے ہیں۔

گذشتہ ساڑھے ساڑھے سات سالوں سے زیادہ کے عرصے میںخاص طور پر صوبہ سندھ میں سوائے کرپش، لوٹ کھسوٹ کے پیپلز پارٹی نے کچھ بھی تو نہیں کیا۔کراچی جیسے خوبصورت میٹرو پولیٹن شہر کو اس کرپٹ پارٹی نے کھنڈرات میں بدل کے رکھدیا ہے۔سڑکیں خستہ ہیں ۔بجلی پانی نہ ہونے کے برابر ہے شہر کے ہر حصے میں کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔ گلیاں گٹروں کے متعفن پانی سے لبریز ہیں۔مکھی مچھروں کی اتنی بہتات ہے کہ جس سے ہر گھر میں بیماریوں نے گھر بنا لیا ہے۔صوبائی خود مختاری نے کرپٹ لوگوں کے لئے پیسہ بٹورنے کے درو دیوار بنا دیئے ہیں۔ان بد فعلیوں پر مرکز ان کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتا ہے۔ گویا لٹیروں کی عید کے تمام سامان پیدا کر کے لٹیروں کے مزے مزے ہی مزے کرادیئے ہیں۔یہ ہیں جمہوریت کے ثمرات جو عوام کو بلا قیمت کے مل رہے ہیں۔اس وقت حکومت سندھ اسمبلی کے ایوانوں تک کارکردگی کے ذمہ دار رہ گئی ہے۔

مرکزی وزیرِ ڈاخلہ چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کی بے حسی اور کرپشن مافیہ کی طرفداری اور اداروں پر بے جا تنقید کا معاملہ دیکھا تو اُن سے بولے بغیر نہ رہا گیا۔کیونکہ پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چوریوں ڈکیتیوں کو چھپانے کے لئے وزارتِ داخلہ پر مسلسل تنقید کے تیر برسا رہی ہے۔حد تو یہ ہے کہ سینٹ جہاں ان کی اکثریت ہے میں بھی نیب جیسے اداروں کو آزادی کے ساتھ کام نہ کرنے دینے کا بل منظور کر ا کے اپنی طرم خانی کا ثبوت دیدیا ہے۔جس کی وجہ صرف یہ ہی ہے کہ” چھوٹا چور مار جائے اور بڑا چور پکڑا نہ جائے”یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کرپشن کے بارے میں ادارے زبان نہ کھولیں ورنہ گدی سے زبان کھینچ لی جائے گی۔یہ ہی وجہ تھی کہ وزیرِ داخلہ کو اپنے اور اداروں کے دفاع میں زبان کھولنا پڑی۔

بس پھر کیا تھا پیپلز پارٹی کے ہر فرد نے وزیرِ داخلہ پر طنز کے تیروں کی بارش کر دی۔وزیر داخلہ کا اپوزیشن رہنما خورشید شاہ کے بیانات پر کہنا تھا کہ حیران ہوں کہ جس کے نام کے ساتھ سید لگا ہے وہ جھوٹ بولتا ہے۔میں اپوزیشن لیڈر کی حکومت سے مک مکا کی تصدیق کرتا ہوں۔اسی مک مکا کا الزام تحریکِ انصاف بھی لگاتی رہی ہے۔

Khurshid Shah

Khurshid Shah

وزیر داخلہ کے اس بیان نے تو اپوزیشن رہنما کے منہ سے جھاگ نکلوادیئے۔وزیرِ داخلہ نے اپنی حکومت سے بھی سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ اس کے بدلے میں اُسے کیا ملا ہے؟اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک میں مایوسی پھیلا رہی ہے،ڈپریشن پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا۔اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری شکل،ڈاکٹر عاصم اور ایف آئی اے سے متعلق شکایت ہے تو مجھ سے بات کریں۔کچھ عناصر کو تکلیف کوئی دے رہاہے اور غصہ ایکشن پلان پر اُتارا جارہا ہے۔جنہوں یہ پلان پڑھا تک نہیں وہ ہی اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔تنقید کرنے والے جواب دیں کہ گذشتہ ادوار میں اُن کی انٹیلی جینس کتنی مضبوط تھی؟اپنے دور میں کچھ نہ کرنے والے آج پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔سندھ حکومت مجھے انا پرست اور نہ جانے کیا کیا کہتی ہے۔ جس کا صاف مقصد اپنے کرپشن کو چھپانا ہے۔

حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ کو وزیرِ داخلہ کی کھری کھری باتیں شائد اچھی نہیں لگیں۔انہوں نے فوراََ جواباََ پریس کانفرنس شدید ضصے کی حالت میں کر ڈالی اور وزیرِ داخلہ کو وہ کھری کھری سنائیں اور ایسے ایسے الفاظ کہہ گئے جو ان کی زبان سے نہایت ہی بھونڈے لگ رہے تھے۔اس پریس کانفرنس کا مقصد حکومت وقت سے اپنے ماضی کے احسانات کا بدلہ چکانے کی یاد دہانی کرانا تھا اور ساتھ ہی چوہدری نثار کو اُن کے فرائض سے روکنا اور اانہیں رسوا کرنا معلوم ہوتا تھا۔

خورشید شاہ نے بڑے طیش میں کہا کہ وزیر اعظم صاحب آپ کی آستینوں میں سانپ چھپے ہیں انہوں نے شاید اپنے کسی تجربے کی بنیاد پر یہ بات کہی کہ آستینوں کے سانپ ڈستے کسی کو ہیں اور مرتا کوئی اور ہے۔اس کے بعد باری باری پیپلز پارٹی کے کئی نمک خواروں نے دل کی بھڑاس نکالی۔ان تمام باتوں کا لُبِ لُباب یہ تھا کہ آیان علی اور ڈاکٹر عاصم پر نرم ہاتھ رکھا جائے تاکہ کرپٹ لوگوں تک قانون کو رسائی نہ مل سکے۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری نے پیپلز پارٹی تمام رہنمائوں کی نیندیں حرام کر کے رکھ دی ہیں….

Dr. Shabir Ahmed Khurshid

Dr. Shabir Ahmed Khurshid

تحریر: پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد خورشید
03333001671
shabbir23hurshid@gmail.com