کراچی (جیوڈیسک) ڈاکٹر عاصم کیس میں سندھ حکومت کو مداخلت سے روکنے کے لئے رینجرز کی جانب سے درخواست ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کیس کے مدعی سپرٹینڈنٹ رینجرز عنایت اللہ درانی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت سندھ ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں مداخلت کر کے اثر انداز ہورہی ہے۔ گواہوں اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں چارج شیٹ تیار ہوگئی تھی لیکن تفتیشی افسر تبدیل کر دیا گیا ،جبکہ سرکاری وکیل کو سچ بولنے پر تبدیل کیا جارہا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کا یہ اقدام کرپشن ، لوٹ مار کرنے والوں اور دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مترادف ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت سندھ کو ڈاکٹر عاصم کیس میں مداخلت سے روکا جائے۔