ڈاکٹر عاصم حسین اور شرجیل میمن کا نام ای سی ایل میں شامل

Sharjeel Memon and Dr. Asim Hussain

Sharjeel Memon and Dr. Asim Hussain

کراچی (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر عاصم حسین اور شرجیل میمن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے۔

نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (نیب) نے دونوں افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ خیال رہے کہ شرجیل میمن آج کل بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے محکمہ داخلہ کو ایک خط لکھا جس میں درخواست کی گئی کہ ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف تحقیقات ہو رہی ہے اس لئے ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بعد ملک بھر کے ائیرپورٹس پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر عاصم کیخلاف کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو اس مقدمے میں باقاعدہ گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین پر نجی ہسپتال میں دہشتگردوں کے علاج معالجے کا الزام ہے۔