کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عاصم کیس کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو تبدیل کر کے نثار احمد درانی کو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر بنا دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز رینجرز کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی تھی کہ سندھ حکومت کو اس کیس میں پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کو تبدیل کرنے سے روکا جائے۔ جبکہ مشتاق جہانگیری بھی اس سلسلسے مین عدالت سے پہلے ہی رجوع کر چکے ہیں۔
رینجرز حکام کا مؤقف ہے کہ حکومت سندھ ڈاکٹر عاصم کو بے گناہ قرار دینے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ پہلے جب مقدمہ چالان کی اسٹیج پر پہنچا تو حکومت نے بد نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا اور نئے تفتیشی افسر نے بغیر کسی تفتیش کے ڈاکٹر عاصم کو بے گناہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر عاصم کیس کے نامزد ہونے والے نئے اسپیل پبلک پراسیکیوٹر نثار احمد درانی کا کہنا ہے کہ وہ بغیر کسی دباؤ کے قانون کے مطابق کام کریں گے۔