ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ) ٹیچنگ ہسپتال کے فزیشن ڈاکٹر ہارون بلال کی گرفتاری اور ایف آئی اے ملتان کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کے خلاف تیسرے روز بھی THQ کے ڈاکٹرز اور پی ایم اے نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اور ٹیچنگ ہسپتال کے کانفرنس روم میں ڈاکٹر ہارون بلال کی رہائی کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس زیر صدرات صدر پی ایم اے ڈاکٹر طاہر فرید ترک ہوا جس میں ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس میں طے پایا کہ گرفتار ڈاکٹر اور دیگر افرادکی رہائی کے مطالبہ کومنوانے کے لیے ایک منظم اور بھرپور تحریک شروع کی جائے گی۔ اور 4 ،اپریل کو ملتان میں جنوبی پنجاب سے پی ایم اے اور ینگ ڈاکٹرز اسوسی ایشن کی جانب سے بھاری تعداد میں ڈاکٹرز ملتان میں احتجاج میں شامل ہونگے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ڈاکٹر ہارون بلال کے خلاف مدعی بننے والی دواساز کمپنی فیروز اینڈ سنز کی ادویات کا بائیکاٹ بھی جائے گا۔نیز یہ بھی طے پایا کہ سوموار سے سوائے ایمرجنسی کے تمام شعبوں میںمکمل ہڑتال کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرنے والے ڈاکٹرز میں شامل صدر پی ایم اے طاہر فرید ترک ، جنرل سکریٹری ڈاکٹر اے آر عامر قیصرانی،THQ کے چیف فزیشن ڈاکٹر روح الاامین کھوسہ،ڈاکٹرجواد ،ذکاءغوری،ڈاکٹرفرحان گیلانی ودیگر نے کہا کہ دواساز کمپنی کے ایماءپر ڈاکٹر ہارون بلال کے خلاف کاروائی کی گئی ۔ اور جس طرح ان کے کلینک پر جو کچھ کیا گیا وہ ہر لحاظ سے قانونی اور اخلاقی طور پر غلط ہے ۔ ایک ڈاکٹر کے کلینک پر اس طرح کاروائی کی گئی کہ جیسے وہ دہشت گرد ہوںیہ کہ یہ کاروائی کم اور غنڈہ گرد ی زیادہ تھی۔
ڈاکٹر ہارون بلال کے خلاف ہونے والی کاروائی انتقامی لگتی ہے۔ اور ایسا پنجاب اور ملکی سطح کی اہم شخصیات کی مداخلت پر ہواہے ۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے ہو یا کوئی اور ادارہ قانونی تقاضے پورئے کئے بغیر کچھ کرنے کا انہیں کوئی اختیار نہیں ۔ڈاکٹرز کے اجلاس میں کیمسٹ اینڈ ڈرگ اسوی ایشن کے عہدیداران نے شیخ نقیب کی قیادت میںشرکت کی ۔ اور انہوں نے اس موقع پر اپنی مکمل حمایت اور ہمدری کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ڈاکٹرز کی جانب سے ہونے والے تمام فیصلوں کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں پی ایم اے کے ڈاکٹرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازسے از خود مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور ان سے اپیل کی گئی کہ وہ ڈاکٹر برادری کو انصاف دلوائیں ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میںڈاکٹرز عمران کریم جسکانی، ڈاکٹرنصرت، ڈاکٹرسرجن مجید اللہ بذدار،ڈاکٹرخلیل الرحمن،ڈاکٹرحسنین ارشاد نوحی، ڈاکٹر محمد بلال خان، ڈاکٹر شرجلیل کامران، ڈاکٹر عابد سعید، ڈاکٹرحق داد ، درانی، ڈاکٹر خالد ملک، ڈاکٹرجنید کمال گیلانی، ڈاکٹر عمران حیدر، ڈاکٹر ذوالفقار خان، ودیگر نے شرکت کی