ڈاکٹر خالد سومرو کا قتل، جے یو آئی ف کی آج پہیہ جام کی کال

JUI-F

JUI-F

لاڑکانہ (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل پر آج پارٹی نے ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ ڈاکٹر خالد سومرو کو کل لاڑکانہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ کل سکھر میں قتل کیے گئے جمعیت علمائے اسلام ف سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی نماز جنازہ نوڈیرو چوک لاڑکانہ کے قریب میونسپل اسٹیڈیم میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمان، آغا مطیع اللہ سمیت کارکنوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی نماز جنازہ کے بعد ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو سومرا فارم ہاؤس کی مسجد کے قریب سپرد خاک کر دیا گیا۔

ڈاکٹر سومرو کے قتل کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں جے یو آئی ف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے خلاف وہ اتوار کو ملک بھر میں پہیہ جام کریں گے، کارکن پرامن رہ کراحتجاج کریں۔