فیصل آباد : انجمن تاجران وکیلانوالی گلی چنیوٹ بازار تا کچہری بازار کے صدر ڈاکٹر محمود یوسف نے وفاقی وزیر مملکت چودھری عابد شیر علی کیساتھ ملاقات کی اور انہیں ان گلیوں کے مسائل بارے آگاہی دی’ انہوں نے بتایا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کے لوڈ کی کمی بیشی ہے’ یہ ایسا مسئلہ ہے کہ جس کی وجہ سے تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اگر ہمارا یہ مسئلہ حل ہو جائے تو ہمارے بہت سے معاملات درست ہوسکتے ہیں’ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے اس مسئلے کو بہتر طریقے سے حل کرنے کا واحد طریقہ ہی یہ ہے کہ ہمیںیہاں ایک الگ اور نیا ٹرانسفارمر لگوا کر دیا جائے اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
تاجر برادری نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ہمیشہ سپورٹ کیا اور میاں نواز و شہباز شریف بھی تاجروں کے مسائل حل کرنے میںخصوصی دلچسپی رکھتے ہیں’ انہوں نے ڈاکٹر محمود یوسف کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مسئلہ جینوئن ہے لہٰذا میں آپ کامطالبہ من و عن تسلیم کرتا ہوں اور بہت جلد یہاںٹرانسفارمر نصب کر دیا جائے گا ‘ ڈاکٹر محمود یوسف نے چودھری عابد شیرعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے تاجروں کو سکون سے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ وزیر مملکت عابد شیرعلی نے واضح کیا کہ یہ تو بہت چھوٹا مطالبہ تھا آپ کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔