کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی کے شعبہ معارف اسلامیہ کے ڈین ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ان کے سوگ میں آج سندھ بھر کی جامعات بند ہیں، جامعہ کراچی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
عزیز بھٹی تھانے میں جا معہ کراچی کے شعبہ معارف اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کا مقدمہ درج ہوگیا ۔ مقدمہ ان کے بیٹے ڈاکٹر محمد حسان کی مدعیت میں درج ہوا۔ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف قتل ، اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری پر بیس لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کے سوگ میں آج سندھ بھر میں جامعات بند ہیں۔ جامعہ کراچی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
شہر میں جامعہ اردو سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل معطل ہے۔ گزشتہ روز ڈاکٹر شکیل اوج اپنی ساتھی پروفیسر آمنہ کے ہمراہ ایرانی قونصل خانے کی ایک تقریب میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب دو موٹر سائیکل سوار چار حملہ آوروں ان کی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈاکَٹر شکیل اور ان کی ساتھی پروفیسر آمنہ زخمی ہوئیں۔ دونوں کو قریبی نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر شکیل اوج جاں بحق ہو گئے۔