ڈاکٹر شکیل آفریدی کیس: کمشنر ایف سی آر سے ریکارڈ طلب

Shakil Afridi

Shakil Afridi

پشاور (جیوڈیسک) فاٹا ٹریبونل نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کیس میں کمشنر ایف سی آر سے رکارڈ طلب کر لیا جبکہ کمشنر ایف سی آر، پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی اور اے پی اے باڑہ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرانےکا حکم دیا ہے۔

فاٹا ٹریبونل میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کیس کی سماعت ہوئی ۔اس موقع پر ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکلاء نے استدعا کی کہ فاٹا ٹریبونل نے کمشنر ایف سی آر کو فیصلے سے ابہام دور کرنے کے لئے کیس واپس بھیجا تاہم انہوں نے الگ فیصلہ دے دیا۔

فاٹا ٹریبونل نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کمشنر ایف سی آرسے رکارڈ طلب کر لیا جبکہ کمشنر ایف سی آر، پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی اور اے پی اے باڑہ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی۔

رواں سال 15 مارچ کو کمشنر ایف سی آر نے فاٹا ٹریبونل کی جانب سے کیس واپس بھیجے جانے پر ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا میں دس سال جبکہ جرمانے میں ایک لاکھ روپے کمی کا فیصلہ دیا تھا۔

فیصلے میں پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت بھی کی گئی تھی کہ وہ اسامہ بن لادن کیس میں بھی شکیل آفریدی کے خلاف کیس بنائے اور کارروائی کرے۔