لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کوٹ رادھاکشن واقعے پر تحریک التوا اور توجہ دلاؤنوٹس پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا۔ تحریک التوا میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ’’کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاؤں چک نمبر 59 کلارک آباد میں مقدس اوراق کی بے حرمتی کے الزام میں مسیحی میاں بیوی شہزاد اور صائمہ عرف شمع بی بی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کی لاشیں بھٹے میں جلادی گئیں۔
یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لے کر احسن اقدام اٹھایا ہے لیکن ضرورت ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے اس طرح کے واقعات کی روک تھام اور سد باب ہوسکے اور اقلیتوں کو تحفظ کا احساس ہو۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے توجہ دلاؤنوٹس میں استفسار کیاکہ اس واقعے کی ایف آئی آرکس تھانے میں درج ہوئی۔ اس سانحہ کے سلسلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے ایوان کو آگاہ کیا جائے۔