ڈاکٹرطاہر القادری نے جون میں پاکستان آنے کا اعلان کر دیا

Dr Tahir-ul-Qadri

Dr Tahir-ul-Qadri

لندن (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان آمد کا اعلان کر دیا ہے۔ لندن میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جون میں پاکستان آمد کا اعلان کرتاہوں۔

انتخابی دھاندلی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد شروع کریں گے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے بھی رابطے شروع کریں گے، آج کی ملاقات میں مشترکا اعلامیہ تیار کیاگیا۔

جس پر دونوں جماعتیں عمل کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں 10 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا ہے،ایجنڈے میں عوامی انقلاب کا پروگرام شامل ہے، اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی پر اتفاق کیا گیا ہے، موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام عوامی مسائل حل کرنے میں نام ہوچکا ہے، ملک میں ضلعی،تحصیل اور یونین کی سطح پر حکومتیں قائم کی جائیں، نئی عوامی حکومت کا قیام ناگریز ہوچکا ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو سرکاری میڈیکل انشورنش فراہم کی جائے گی، مفت علاج کیا جائے گا، عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نئی حکومت عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرے گی، جو زمین کسی کی ملکیت نہیں وہ کسانوں کو مفت دی جائے گی، ہر شہری کو گھر اور روز گار دیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ نکاتی ایجنڈے سے مکمل اتفاق کرتے ہیں، مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے، ایجنڈے پر عمل کے لیے شخصیات سے بھی رابطے کریں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں غریب عوام کی کوئی شنوائی نہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے پلان پیش کیا ہے۔

پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ آزاد الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور پٹواری نظام میں اصلاحات لائیں گے، شہبازشریف نے 6سال میں کام کے بجائے نظام کو برباد کیا، انقلاب کسی کے خلاف نہیں، عام آدمی کیلئے ہوگا، یہ انقلاب ظلم اور کرپشن کے خلاف ہوگا۔