ڈاکٹر زبیر بے اختیار ہیں، محفوظ مشہدی نے جے یوپی کو یرغمال بنا لیا ہے، ڈاکٹر امجد چشتی

لاہور : جمعیت علما پاکستان نورانی کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد حسین چشتی نے کہا ہے کہ کل 23 اپریل کو جے یو پی نیازی کے اجلاس میں اتحاد اہل سنت کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد چشتی نے کہا کہ پیر معصوم نقوی اور ان کے ساتھیوں نے جے یو پی نورانی کے اتحاد کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

مگر جمعیت کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر بے بس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی نورانی کے سیکر ٹری جنرل محفوظ مشہدی تمام اختیارات کا مرکز بن چکے ہیں۔ جس سے عملی طور پر جمعیت علما پاکستان کو انہوں نے یر غمال بنا یا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو پی نیاز ی کی مجلس شوری ٰ کے اجلاس میں اتحاد میں رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر امجد چشتی نے کہا کہ جے یو پی نورانی کے صدر فیصلے کرنے کی پوزیشن میں نظر نہیں آتے اور محفوظ مشہدی تمام فیصلے کررہے ہیں۔ اور جے یو پی کو ذاتی ملکیت سمجھ کر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جو کارکنوں کو قبول نہیں۔