ٹنڈوباگو میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت میں سینکڑوں افراد کی ریلی

Rally Badin

Rally Badin

بدین (عمران عباس) ٹنڈوباگو میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت میں سینکڑوں افراد کی ریلی، جئے مرزا سدا جئے کے نعرے، تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے مختلف شہروں گولاڑچی، تلہار، نندو شہر، کڈھن کے بعد ٹنڈوباگو میں دلبر سندھی، پیروز شاھانی، ملک طارق اعوان،وکیل عیسیٰ ملاح، حنیف سیڑات، عبداللہ ملاح، عاشق خواجہ، حاجی لاشاری، واحد چانڈیو، سلیم چانڈیو، علی محمد سومرو،اور دیگر کی رہنمائی میں سینکڑوں لوگوں نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی حمایت میں ریلی نکالی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا آج ریلی میں عوام نے شرکت کرکے یہ ثابت کردیا کہ عوام آج بھی ڈاکٹر ذوالفقار کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین اور حکومتی کمدار آج کی ریلی سے اندازا لگا سکتے ہیں کہ وہ کبھی بھی عوام کی دلوں سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی محبت کو نہیں نکال سکتے، انہوں نے کہا کہ آج اگر کمال خان اور ڈاکٹر عزیز کو بولنا بھی ڈاکٹر ذوالفقار نے سکھایا اور آج یہ احسان فراموش سب بھول کر ڈاکٹر کی ہی مخالفت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ہر جلسے میں دھمکاتے ہیں کہ ہم یہ کرلینگے ہم وہ کرلینگے اگر ان میں ہمت ہے تو ڈاکٹر کے جانثاروں سے لڑکر دکھائیں ذوالفقار مرزا تو دور کی بات ہے انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی تو صرف ٹریلر مخالفین کل ضلعی ہیڈ کواٹر میں پوری فلم دیکھیں گے پھر انہیں پتہ چل جائے گا کہ ریلیاں کیسے نکالی جاتی ہیں۔

ریلی کے آخرمیں سب نے عہد کیا کہ ہم ذوالفقار مرزا کے ساتھ ہیں اور مرتے دم تک ساتھ رہیں گے جس کے بعد جئے مرزا سدا جئے کے نعروں کے بعد ریلی کو ختم کردیا گیا، دوسری جانب بدین میں ملاح برادی کی جانب سے عورتوں اور مردوں کے ذوالفقار مرزا کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں رہنماؤں صدیق ملاح، رزاق ملاح، محمد شفیع ملاح، محرم ملاح، دلدار ملاح اور دیگر نے ملاح برادری کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے ساتھ نبھانے کا وچن کیا۔