کراچی : چیف آفیسر /ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی نے کہا ہے کہ متوقع برسات کے پیش نظر شاہ فیصل ٹائون میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں ،دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی اور بروقت علاقائی مسائل کے حل کو یقینی بنا نے کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے متعلقہ محکموں کو شاہ فیصل ٹائون میں برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ان خیالات کا اظہار چیف آفیسر /ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ٹائون آفیسر انفرا اسلم پرویز ،SEواٹر اینڈ سیوریج بورڈمحمد ذاہد اور دیگر افسران بھی موجود تھے چیف آفیسر کمال مصطفی نے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے حوالے سے انتظامات کے معائنے کے موقع پر ٹائون اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی متوقع برسات کے پیش نظر برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کو تیز کیا جائے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
چیف آفیسر شاہ فیصل ٹائون نے متعلقہ افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ برسات کے دوران عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور برساتی پانی کی سڑکوں اور گلیوں سے نکاسی کے حوالے سے تمام تر انتظامات کو ترتیب دیا جائے دوران برسات بروقت عوامی سہولتوں کی فراہمی اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے ٹائون آفس سمیت تمام یونین کونسل میں کنٹرول روم اور شکایتی مراکز کو بھی فعال بنانے کے احکامات دیتے ہوئے چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا عوام کو سہولیات کی فراہمی اور علاقائی مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔