برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قبل از وقت نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے، نشاط ضیاء قادری
Posted on July 14, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات فوری ختم کرنے اور برستای نالوں، سیوریج لائنوں کی صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں خصوصاً واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی درستگی کو یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں دوران برسات عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلد ازجلد برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ دوران برسات عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جا سکے انہوں نے نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بعد برآمد ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگا نے کی بھی ہدایت کی اس موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ دران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں کا سروے کیا جائے اور برسات سے قبل کھلے سیوریج مین ہولز کو فوری کوورز کئے جائیں۔
علاقائی دورے پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے عوامی مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے اور کارکنان شب روز جد جہد کر رہے ہیں اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی اداروں کے متعلقہ ذمہ دران سے کہاکہ ترجیحی بنیادوں پر علاقائی مسائل حل کئے جائیں تاکہ عوام کو سہولت اور آسانیاں میسر آسکیں۔