کراچی : بلدیہ کورنگی نے نکاسی آب کے نظام کی بہتر اور متوقع برسات کے پیش نظر ضلع کورنگی کی حدود میں برساتی نالوں کی صفائی کا ہنگامی بنیادوں پر آغا ز کر دیا۔
میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی زون کو ہدایت کی ہے کہ برساتی نالوں کی مکمل نگرانی کی جائے اور نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے اور نالوں کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کے لئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں ان خیالات کا اظہار میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ متوقع برسات سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے اور علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کے لئے برساتی نالوں کو صاف رکھا جائے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ برساتی نالوں میں کوڑا کرکٹ اور سیوریج کنکشن ڈالنے سے گریز کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے برساتی نالوں کو صاف ستھرا رکھ کر علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنانے کے ساتھ نکاسی آب کے حوالے سے حائل دشواریوں کا خاتمہ ممکن بنا یا جا سکے۔
بعد ازاں میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا یا جائے اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے جار ی انتظامات کو تیز کرکے بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔