کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے ضلع کورنگی کے تمام زونز کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے حوالے سے جاری انتظامات کو تیز کیا جائے برساتی نالوں کی مکمل صفائی اور سیوریج فلو کی درستگی کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کر کے عوام کو دوران برسات مشکلات سے بچانے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ ضلع کورنگی کے تمام زونز کا تفصیلی دورہ کرکے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی بہتری کے حوالے سے جار ی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کے بعد نالوں سے برآمد ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگا یا جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے ساتھ عوام کو صحت مند اور مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جاسکے انہوں نے تمام زونز کو ہدایت کی کہ برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا جائے۔
اس موقع پر ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ضلع کورنگی میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے باہمی تعاون کے ذریعے انتظامات جاری ہیں۔