لاہور (جیوڈیسک) ماڈل واداکارہ نیلم منیر نے کہا کہ ’’چھپن چھپائی‘‘ میں کام کر کے لطف اندوز ہو رہی ہوں، آدھی سے زیادہ عکسبندی ہوچکی ہے، فلم پروجیکٹ کے حوالے سے آیندہ ہفتہ ایک اور سرپرائز دوں گی۔
فلم اور ٹی وی میڈیم پر کچھ ہٹ کر ہی کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی ڈراموں میں زیادہ تر سنجیدہ کرداروں میں نظر آئی ہوں ، حالانکہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر جانتے ہیں کہ میں ہر طرح کے رول کرسکتی ہوں۔ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے ڈرامہ سیریلز سنجیدہ موضوع پر ہی بن رہے ہیں۔اس بات کی خوشی ہے کہ پروڈیوسراور ڈائریکٹر میری صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے چیلنجنگ کردارکے لیے میرا انتخاب کرتے ہیں۔
اتنا کام کرنے کے باوجود آج بھی خود کو طالب علم ہی سمجھتی ہوں، کیونکہ انسان زندگی کے آخری سانس تک کچھ نہ کچھ سیکھنے عمل جاری رہتا ہے۔ کیرئیر کے شروع میں ہی ٹی وی کے ساتھ فلموں کی آفرز ہوئیں مگر جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ محسن علی کی فلم ’’چھپن چھپائی‘‘ کااسکرپٹ بہت پسند آیا ، جس میں میرا کردار نٹ کھٹ لڑکی کا ہے، میرا یہ روپ فلم دیکھنے والوں کے لیے بالکل نیا ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم میں سنیئر اداکارہ سکینہ سموں اور طلعت حسین کا ساتھ اسکرین شیئر کرنا بھی میری خوش قسمتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں نیلم منیر نے کہا کہ فلم میں آئٹم سانگ نہیں کر رہی صرف سچوایشن کے مطابق گانے عکسبند کراؤں گی۔
ڈائریکٹر ان گانوں کو بیرون ملک عکسبند کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک اور فلم کے حوالے سے بھی بات چیت چل رہی ہے جو سب کے لیے سرپرائز ہوگا ، یہ پروجیکٹ بھی بین الاقوامی معیار ہے ۔نیلم منیر نے کہا کہ ’’چھپن چھپائی‘‘ ڈبیو فلم کو ہر لحاظ سے یادگار بنانے کے لیے اپنے کردار پر بھرپور محنت کر رہی ہوں ۔