خواب اور تعبیر

Dreams

Dreams

تحریر : ایم آر ملک
بوڑھا دھاڑیں مار مار کر رو رہا تھا وہ امرتسر کا ایک گائوں تھا جس کے زیادہ باسی ہندو اور سکھ تھے مسلمانوں کے چند گھر انے تھے جن میں ہمارا گھرانہ بھی شامل تھا چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا میں تھا میری بڑی بہن جس کی عمر 24سال کے قریب تھی میرے چچا زاد کی منکوحہ تھی پھر میرا بھائی تھا جو تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا اور میرے باپ کی آنکھوںکا تارا میرا باپ پکا کانگریسی تھا اور گائوں کا ایک بڑا زمیندار ،میرا بھائی جو گھر میں سب سے زیادہ میرے باپ کا لاڈلا تھا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کا سب سے سرگرم نوجوان تھا قائداعظم محمد علی جناح اُن دنوں دو قومی نظریئے کے پرچارک تھے اُن کی کہیں بھی تقریر یا جلسہ ہوتا میرا بھائی اُس میں ضرور شامل ہوتا گھر میں چولہے کے گرد جب سب گھر والے جمع ہوتے میرے بھائی اور والد کے درمیاںمسلم لیگ اور کانگریس کے متضاد نظریات اکثر زیرِ بحث ہوتے میرا باپ کہتا کہ وہ کلین شیو وکیل محمد علی اس ملک کا بٹوارہ کرنا چاہتا ہے لیکن برِ صغیر پر ساڑھے سات سو برس تک مسلمان حکمران رہے ،بابری مسجد اور لال قلعہ ہمارا ہے ہم اپنی جائیدادیں چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے میرا بھائی کہتا کہ ہندو اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں ہندو مسلمان کے وجود کو کسی طور برداشت نہیں کرتا ہمارا مذہب الگ ،رہن سہن ،تہذیب و تمدن الگ الگ ،قائد اعظم محمد علی جناح کروڑوں محکوم مسلمانوں کی جنگ لڑ رہے ہیں انگریز یہاں سے جانے کے بعد ہمیں ہندوئوں کی غلامی میں دے جائیگا مجھے نہیں یاد میرے باپ نے کبھی اس بحث کے دوران ڈانٹا ہو میرے بھائی نے جب ان موضوعات کو مسلم لیگ کے جلسوں میں موضوع تقریر بنایا توہندو اور سکھ ہمارے مخالف ہوگئے

ایک روز گائوں کے ہندوئوں اور سکھوں نے اکٹھ کیا اور اس اکٹھ میں میرے باپ کو بلایا میرا باپ جب چوپال میں پہنچا تو ہندوئوں اور سکھوں کے تیور بدلے ہوئے تھے گائوں کے ایک سر پنچ رنجیت سنگھ نے میرے باپ پر برستے ہوئے کہا کہ کرم داد تمہارا بیٹابہت پر پرزے نکال رہا ہے اس کی زبان کانگریس کے خلاف قینچی کی طرح چلنے لگی ہے اسے لگام دو کرم داد !اُطاق میں بیٹھے ہندوئوں کا رویہ بھی جارحانہ تھا میرا باپ واپس آیا تو اُس نے میرے بھائی سے کسی بات کا ذکر نہ کیا عام انتخابات ہوئے تو مسلم لیگ بھاری اکثریت سے جیتی یہ 23مارچ 1940کو پاس ہونے والی قرارداد کا شاخسانہ تھا 1947کا ماہ جولائی تھا جب پورے گائوں نے ہمارا سوشل بائیکاٹ کر دیا اگست میں علیحدہ وطن بنا تونواحی علاقوں سے سکھوں اور مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کی خبریںآنے لگیںایک روز میرے باپ نے میرے بڑے بھائی اور ماں سے کہاکہ میری بڑی بہن کواُس کے سسرال چھوڑ آئو

دوسرا روز کسی قیامت سے کم نہ تھا سورج نکلنے سے پہلے گائوں کے ایک شخص نے ہمارا دروازہ کھٹکھٹا کر کہا کہ کرم داد ٹرپئی جانے والی شاہراہ پر تمہارے بیٹے اور بیوی کو قتل کردیا گیا ہے میں اور میری ااٹھارہ سالہ بہن سکتے کی حالت میں تھے میرے بڑے بھائی کے جسم کے چھوٹے چھوٹیٹکڑے شاہراہ کے کنارے بکھرے پڑے تھے قاتلوں نے ماں پر یہ احسان کیا کہ اُس کا سر کاٹ کر ایک درخت پر لٹکا دیا اور سرکٹا دھڑ درخت کے نیچے پڑا تھا مگر میری بڑی بہن غائب تھی میں نے اُس روز اپنے باپ کا پہاڑ حوصلہ دیکھا تھا وہ میرے بھائی کے تمام اعضاء ایک گٹھڑی کی شکل میں باندھ کر گھر لائے اور سربریدہ میری ماں کی لاش بھی ہمارے صحن میں پڑی تھی میرے باپ نے وہ گٹھڑی کھولی اور میرے بھائی کے اعضاء جوڑنے لگا میرا باپ بھائی کے ایک ایک اعضاء کو اُٹھا کر نام لے رہا تھا تمام اعضاء کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کے بعد وہ سفید کفن لائے اور میرے بھائی کی لاش کو لیکر کمرے میں اپنے آپ کو مقید کر لیا دو تین گھنٹے کے بعد جب میرا باپ کمرے سے باہر نکلا تو اُس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں اور میرے بھائی کی لاش بوری کی شکل میں سوئی دھاگے سے سلی ہوئی تھی

Murder

Murder

پھر چوتھے روز میری بہن کی برہنہ لاش ملی جنگلی درندوں کے علاوہ انسانی درندوں نے ظلم کا ہر حربہ آزمایا تھا گائوں کے سر پنچوں نے ایک بار پھر میرے باپ کو بلا کر باور کرایاکہ کرم داد یہ سب تمہارے بیٹے کا کیا دھرا ہے میرا باپ وہاں سے سر جھکا کر چلا تو راستے میں اُسے ہندو اور سکھ نوجوان آوازے کستے اور قہقہے لگاتے ملے یہ وہی نوجوان تھے جنہوں نے ہمارا پورا پریوار مار ڈالا تھا دوسرے روز میرے باپ نے مجھے کہا کہ تم تیاری کرو پرسوں ہم دونوں یہاں سے کوچ کر جائیں گے لیکن ابا جان باجی !وہ نہیں جائے گی میں اُسے آج رات قتل کر دوں گا کسی درندے کی درندگی کا نشانہ بننے سے بہتر ہے وہ قتل ہو جائے اُس روز میں اپنی بڑی بہن کا چہرہ دیکھتا رہا تھا وہ ہاتھ جنہوں نے مجھے اُٹھا کر گود کھلایا تھا اُنہیں کچھ خبر نہ تھی

آدھی رات تک میرا باپ چھری تیز کرتا رہا مجھے یاد ہے میری بہن نے پوچھا تھا کہ ابا جان آپ یہ چھُری کیوں تیز کر رہے ہیں انہوں نے جھوٹ بولتے ہوئے کہاتھا کہ بیٹی کہیں ہم پر رات کو دشمن حملہ آور نہ ہو جائیں لیکن دوسرے روز میری بہن سلامت تھی میرے باپ نے مجھے کہا تھا کہ میرا حوصلہ نہیں پڑا پھر دوسری شب جب ہم تینوں کمرے میں سو رہے تھے میرے باپ نے چپکے سے مجھے ہلا کر اُٹھایا میری بہن کی چارپائی اور کمرے کی دوسری اشیاء پر مٹی کاتیل چھڑکا مجھے باہر نکالنے کے بعد میرے باپ نے کمرے میں آگ لگا دی اور باہر سے دروازے کو کنڈی لگا دی میری معصوم بہن کی چیخیں کمرے میں گونج رہی تھیں کمرہ جل گیا تو اُس کی چیخیں بھی دم توڑ گئیں اپنے گھروں پر حسرت بھری نظریں ڈالنے کے بعد ہم وہاں سے روانہ ہوئے ایک روز ایک قافلے کے ہمراہ ہم نے پاک سر زمین پر قدم رکھے یہاں آکر میرے باپ نے اپنی زمین کا کلیم داخل کرایا جس کی پیشیاں بھگتتے بھگتتے وہ مٹی میں جا سویا پاکستان کے قیام کے ساتھ جہیز میں آنے والے روایتی جاگیرداروں نے جن کے بارے میں قائد اعظم نے کہا تھا کہ یہ کھوٹے سکے ہیں آر ایل ٹو میں ردوبدل کرکے ہمارا کلیم اپنے نام کرا لیا

تعلیم کے حصول کے بعد میں نے شادی کر لی میرے دو بیٹے ہوئے جنہیں میں نے پڑھایا لکھایا اعلیٰ تعلیم دلائی میرا ایک بیٹا مجاہد بن گیا جبکہ دوسرا اپنی ڈگریاں اُٹھائے جس دفتر بھی پہنچا اس کی ملازمت میں رکاوٹ دو بڑے ناسو ر رشوت اور سفارش بن گئے ایک روز اُس نے بیروزگاری سے تنگ آکر ایک درخت کے ساتھ جھول کر خود کشی کر لی جبکہ نائن الیون کے نام نہاد واقعہ کے بعد دوسرا بیٹا مجاہد سے دہشت گرد بن گیا 23مارچ 1940کو میری آنکھوں نے جو خواب دیکھا کیا اُس کی تعبیر یہی تھی کیا یہی وہ پاکستان تھا جس کیلئے جاگ جاگ کر جناح کی آنکھوں کے سوتے خشک ہو گئے میرے پاس بوڑھے کے کسی سوال کا بھی جواب نہیں تھا

M R Malik

M R Malik

تحریر : ایم آر ملک