پینے کے صاف پانی بلا تعطل ترسیل اور سیوریج سسٹم کی درستگی کے حوالے سے واٹر بورڈ کو اقدامات کرنے کی ہدایت
Posted on September 23, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہا ہے کہ فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کرکے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا مثالی سسٹم فراہم کیا جائے۔
فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں سے غیر قانونی کنکشن کے حصول کی روک تھام اور برساتی نالوں میں سیوریج کنکشن کو فوری منقطع کیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کا ازالہ ممکن بنایا جاسکیان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے علاقائی مسائل اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کی جانب سے جاری انتظامات، برساتی نالوں کی صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ غیر قانونی اور بغیر اجازت پانی اور سیوریج لائنوں کے کنکشن کے حصول کی وجہ سے پانی کی ترسیل میں تعطل اور سیوریج کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے پینے کے پانی میں گندے پانی کی شکایات اور سیوریج اوور فلو کی وجہ سے عوامی مشکلات بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی نگرانی کا موثر نظام قائم کرکے غیر قانونی کنکشن کی روک تھام کو یقینی بنائیں اور عوامی سہولتوں میں رخنہ ڈالنے والے ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ افسران کے ہمراہ برسات نالوں کی صفائی وستھرائی کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ برسات نالوں پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کرکے مستقل بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے اور برساتی نالوں کی آفادیت کو قائم و دائم رکھ کر عوام کو مشکلات ست چھٹکارہ اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنایا جاسکے انہوں نے برسات نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی کے بعد برآمد ہونے والے فضلوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے۔