خانیوال (راشد ملک سے) دوران ڈرائیونگ آنکھ اور کان کھلے رکھیں۔ حادثات کی بڑی وجہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا ہے ۔موٹر وے قوانین کی پاسداری کرنا سب پر فرض ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی موٹروے چوہدری غلام جعفر نے جناح لائبریری میں ٹیوٹا کے تعاون سے 4 ماہ 15 دن کا کورس موٹروے ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ سے کامیاب کرنے والوں میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ موٹروے پولیس کا مقصد ایک کامیاب ڈرائیور بنانا ہے اور اس مقصد کی تعمیل کیلئے سینئر اور تجربہ کا ر افراد کو موٹر وے پولیس کے ڈرائیونگ سکولز میں تعینات کیا گیا تاکہ وہاں سے ڈرائیونگ کی مکمل ٹریننگ حاصل کرکے معاشرہ میں ایک مثال قائم کی جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال نہ کیا جائے کیونکہ اس کے باعث حادثات رونما ہورہے ہیں اور بہت سے قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے ڈرائیونگ کورس پاس کرنے والے ڈرائیوران سے سوالات بھی کئے اور درست جوابات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ تقریب میں انچارج ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ موٹروے پولیس رانا مبشر حسن ،ایس پی او طارق چوہدری بیٹ نمبر17 وہاڑی، اے پی او سہیل مصطفی وہاڑی،ایس پی او حسن بھٹی،JPO صدام حسین ،ایڈووکیٹ نیاز احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ایس ایس پی موٹر وے چوہدری غلام جعفر نے خانیوال اور وہاڑی کے پاس آئوٹ ہونے والے ڈرائیوران میں شیلڈیں اور اسناد تقسیم کیں۔