اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ امریکی سفیر پر واضح کر دیا ہے کہ ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ نیشنل سیکورٹی پالیسی کیلئے سیاسی سربراہوں کے علاوہ آرمی چیف سے بھی مشاورت ہوگی۔ اسلام آباد وزارت داخلہ میں ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر سے ملاقات میں ڈرون حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ان پر واضح کر دیا گیا ہے کہ حملے بند نہ ہوئے تو تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔
چودھری نثار نے بتایا کہ نیشنل سیکورٹی پالیسی تشکیل دینے کا کام جاری ہے۔ بڑے سیاسی سربراہوں کے علاوہ آرمی چیف کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وزیر داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس اور الطاف حسین کے حوالے سے بتایا کہ وہ معاملے سے پوری طرح باخبر ہیں۔
برطانوی حکومت نے الطاف حسین کے معاملے پر ضمانت نہیں مانگی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ توقیر صادق کیس حل ہو چکا ہے۔ (ن) لیگ کے ایک ایم پی اے کے ملوث ہونے کا بھی پتہ چلا ہے۔ چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے۔