متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتیں ایوان صدر، پرائم منسٹر ہاؤس، فوج کے ہیڈکوارٹرز اور نیٹو ممالک کے سفارتخانوں کے سامنے دھرنے دیں تو ایم کیوایم ساتھ دے گی۔
اراکین رابطہ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کے خلاف زبانی احتجاج نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے دینے کے بجائے ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، جی ایچ کیو، پاک فوج کے تمام ہیڈکوارٹرز اور امریکا، برطانیہ اور نیٹو ممالک کے سفارتخانوں کے سامنے تادم مرگ احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کریں تو ایم کیوایم بھی ان جماعتوں کے ساتھ ہو گی۔
الطاف حسین نے کہا کہ احتجاج کرنے والی جماعتیں یہ اعلان بھی کریں کہ وہ اس وقت تک تادم مرگ دھرنا دیں گے جب تک پاکستانی سرحدوں میں داخل ہونے والے ہر جاسوسی طیارے کو مار کر گرا نہ لیا جائے۔
متحدہ کے قائد نے تحریک انصاف، جماعت اسلامی اورڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنیوالی جماعتوں سے کہا کہ وہ خودکش حملے کرنے والے، مساجد، امام بارگاہوں، دیگر اقلیتی عبادت گاہوں، اسکولوں، مسلح افواج، حساس اداروں، سیکورٹی اداروں، حساس تنصیبات پر حملے کرنے والے القاعدہ، طالبان اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی اعلان جہاد کریں تو اس صورت میں ایم کیوایم ان کے احتجاج اور دھرنوں میں عملی طور پر شرکت کرے گی۔