لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کی قرارداد حکومتی مخالفت کے باعث منظور نہ ہو سکی۔ متن میں تبدیلی کے حکومتی مطالبے پر قرارداد کل تک موخر کر دی گئی۔ ایوان نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم متعارف کرانے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن میاں اسلم اقبال نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد پیش کی تو وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے اس کی مخالفت کر دی اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی عالمی بردادری کے سامنے ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔ اس لئے قرارداد غیر ضروری ہے۔
رانا ثنا اللہ نے قرارداد کے متن میں تبدیلی کی تجویز دی، جس پر اپوزیشن لیڈر نے آمادگی ظاہر کر دی اور قرارداد کل تک موخر کر دی گئی۔ ایوان نے صوبے میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم متعارف کرانے کی قرارداد بھی پاس کی، اوکاڑہ کے قصبے بصیر پور کو تحصیل کا درجہ دینے کی قرارداد بھی منظور کر لی گئی ۔اپوزیشن نے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف بازئووں پر سیاہ پٹیاں باند ھ کر اجلاس میں شرکت کی اور اسمبلی سیڑھیوں پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔