اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں سے متعلق پالیسی تمام سیاسی جماعتوں اور فریقوں کو اعتماد میں لے کر بنائی جائے گی،چودھری نثار کا کہنا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان کی نامزدگی کا معاملہ ایک دوروز میں حل ہوجائے گا۔
چودھری نثار علی خان نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر ذرائع سے گفتگو میں کہا ہے کہ ڈرون حملوں کے متعلق مسلم لیگ ن قومی پالیسی بنائے گی اور یہ پالیسی تمام سیاسی جماعتوں اور فریقوں کو اعتماد میں لے کر بنائی جائے گی، چودھری نثارعلی نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور خطے میں قیام امن میں رکاوٹ ہیں۔
چودھری نثار علی نے بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کی نامزدگی کا معاملہ ایک دو روز میں حل ہوجائے گا، چودھری نثار کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین نیب مسلم لیگ ن کا پسندیدہ ہرگز نہیں لگایا جائے گا ،چیئرمین نیب کے تقرر کے لئے بامقصد مشاورت کی جائے گی اور تقرری کے معاملے پر سپریم کورٹ کے احکامات بھی مدنظر رکھے جائیں گے۔