لاہور (جیوڈیسک) جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ حکومت امریکہ پر واضح کرے کہ اگر خطے سے محفوظ انخلا چاہتا ہے تو ڈرون حملے روکے۔
لاہور میں چوبرجی کے مقام پر ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ اگر اس کے باوجود امریکہ باز نہ آئے تو ڈرون طیارے گرا دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے نہ رکے تو نیٹو کے ٹرک پاکستان سے نہیں گزر سکیں گے۔
سربراہ جماعت الدعوہ کا کہنا تھا کہ امریکہ بے وقوف بن کر بھارت کی زبان استعمال کر رہا ہے اور بھارت پاکستان میں نفرت کے بیج بو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اگر ملکی دفاع کے ذمے سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتے تو عہدہ چھوڑ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت طالبان سے مذاکرات کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔حافظ سعید نے کہا کہ ملکی دفاع کے معاملے پر سیاسی اور جماعتوں کا ملک گیر اتحاد بننا چاہئے۔