ڈرون حملے ملکی سلامتی کے خلاف سازش ، فی الفور بند ہونے چاہئیں : جماعت اسلامی پنجاب
Posted on May 31, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : امیر جماعت اسلامی پنجاب و نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی سلامتی کے خلاف سازش ہیں انہیں فی الفور بند ہونا چاہئے۔ اس وقت تک حالات نہیں بدلیں گے جب تک خارجہ پالیسی کو ازسرنو تشکیل نہیں دیاجاتا۔اب وقت آگیا ہے۔
نئی حکومت ڈرون حملوں کے خلاف اسٹینڈ لے۔ 400 سے زائدڈرون حملوں میں5ہزاربے گناہ افراد ، معصوم بچے اور خواتین لقمہ اجل بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خیر باد کہا جائے۔مشرف نے پارلیمنٹ کو بائی پاس کرتے ہوئے امریکیوں کو ڈرون حملوں کی اجازت دی تھی جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
مسلم لیگ(ن)عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرے۔ 18 کروڑ عوام گزشتہ ایک دھائی سے جس اذیت میں مبتلا ہیں اس سے چھٹکارہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نہ کبھی ہمارا دوست تھا اور نہ ہی آئندہ بن سکتا ہے۔امریکی تعلقات مفادات کے گرد گھومتے ہیں۔ 50 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور 68 ارب ڈالر کا نقصان کروانے کے بعد بھی حکمران ہوش کے ناخن نہیں لے رہے۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت وقار اور سلامتی سب کچھ دائو پر لگادیا ہے۔چند ڈالروں کے عوض امریکہ جو چاہتا ہے وہ کرواتا ہے۔ وطن عزیز کا تشخص دنیا میں بری طرح مجروح ہوچکا ہے اسے نئے سرے سے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔