اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی چاہتے ہیں۔ ایشیائی اسمبلی علاقائی تعاون اور ترقی کی راہ میں معاون ہو گی۔
اسلام آباد میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خطے کی ترقی میں جمہوریت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت میں اضافے کے خواہش مند ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے پارلیمنٹ نے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا۔ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی، رکن ممالک کے درمیان اعتماد سازی قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ بعد ازاں یورپی یونین کے رہنمائوں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کے منفی اثرات سے عالمی برادری کو آگاہ کر رہے ہیں۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایسے اقدامات کئے جائیں جن کے منفی اثرات نہ ہوں۔ دہشتگردی کی وجوہات تین دہائیوں پر محیط ہیں۔ دہشتگردی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین طریقہ قومی اتفاق ہے۔ ڈرون حملوں سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔