ایبٹ آباد (جیوڈیسک) ذرائع میں ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کے مزید مندرجات شائع ہوئے ہیں، رپورٹ میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ڈرون حملوں پر پاکستان اور امریکا میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ امریکی ذرائع نے ایبٹ آباد کمیشن کے روبرو سابق ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کا بیان شائع کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق احمد شجاع پاشا نے کمیشن کو بتایا کہ ڈرون حملے دہشت گردوں کے خلاف موثر ہتھیار ہیں۔ان حملوں پر پاکستان اور امریکا میں کوئی تحریری معاہدہ موجود نہیں، ڈرون حملوں پر پاکستان اور امریکا میں سیاسی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
امریکا کو ابتدا میں ڈرون حملوں سے روکنا آسان تھا تاہم اب ایسا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ احمد شجاع پاشا نے کہا کہ شمسی ایئربیس پاکستان میں ڈرون حملوں کے لیے استعمال ہوتا رہا۔ انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ ڈرون حملے مفید مگر پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔