ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چئیر مین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی خود مختاری کیخلاف ہیں، اگر 20 نومبر تک ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو نیٹو سپلائی روک دیں گے، بلدیاتی انتخابات مارچ میں ہونے چاہئے۔
تحریک انصاف کے راہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈرون حملوں میں معصوم لوگ مر رہے ہیں اس لیے حکومت ڈرون پر دو ٹوک موقف اپنائے عوام اب عملی اقدام چاہتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت سے امن مذاکرات شدید متاثر ہوئے ہیں۔
تحریک طالبان کے نئے سربراہ ملا فضل اللہ افغانستان کے صوبے نورستان میں ہیں۔حکومت امن مذاکرات کی موجودہ صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیں۔انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نا وزیر اعظم اور نا وزیر داخلہ قومی اسمبلی میں آتے ہیں۔اس لیے طالبان سے مذاکرات کی موجودہ صورتحال پر حکومتی موقف سے لاعلم ہیں۔
تحریک انصاف کے راہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران پاک گیس لائن ملک کے لیے معاشی طور پر فائدہ مند ہے جس سے توانائی بحران ختم کیا جا سکتا ہے۔
اس لیے اس معاہدے کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کو جو شیڈول آیا ہے اس میں زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ اس لیے بلدیاتی انتخابات مارچ میں ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے تاہم بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔