ڈرون حملوں کا جاری رہنا مذاکرات کیلئے مفید نہیں : دفتر خارجہ

Aizaz Ahmad Chaudhry

Aizaz Ahmad Chaudhry

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد دفتر خارجہ نیکہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چودھری کہتے ہیں ڈرون حملوں کا جاری رہنا پاکستان میں طالبان کیساتھ مذاکرات کیلیے مفید نہیں۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ نیویارک انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم نواز شریف نے 18 وزرائے اعظم اور سربراہان مملکت سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے اقوام عالم کو پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ڈرون حملوں اور کشمیر سمیت تمام علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اپنی حکومت کا موقف واضح کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ڈرون حملوں کا معاملہ کل جماعتی کانفرنس کے فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ میں اٹھایا، ڈرون حملوں پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور دنیا میں پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ نیویارک کے دوران دہشتگردوں نے پاکستان میں کئی حملے کیے، حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ حملے کس نے کیے۔ طالبان رہنما ملا برادر کی رہائی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ملا برادر کو رہا کر چکے ہیں۔

اس وقت وہ کہاں ہے اس کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کا جاری رہنا پاکستان میں طالبان کیساتھ مذاکرات کیلیے مفید نہیں، یہ نہیں کہہ سکتا کہ امریکہ ڈرون حملے اس لیے جاری رکھے ہوئے کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب نہ ہوں۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان کا کشمیر پر بھی موقف واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ سے ملاقات مثبت اور مفید رہی۔

ملاقات میں دہشتگردی پر بھی بات ہوئی اور دونوں رہنماں نے دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کیا۔ بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان کا معاملہ بھی اٹھایا، پاکستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے منموہن سنگھ کیلیے دیہاتی عورت کے الفاظ استعمال نہیں کیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف کو دورہ امریکہ اور 23 اکتوبر کو صدر اوبامہ سے ملاقات کی دعوت دی ہے۔