ڈراپ کیچز کا خمیازہ ناکامی کی صورت بھگتنا پڑا، مصباح الحق

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

گال (جیوڈیسک) پاکستانی کپتان مصباح الحق نے گال ٹیسٹ میں ناکامی پر کہا کہ کیچز ڈراپ کرنے کا خمیازہ ہمیں ناکامی کی صورت بھگتنا پڑا، سری لنکا جیت کا حقدار تھا، دوسری اننگز میں ہماری بیٹنگ بہتر ہوسکتی تھی۔

فاتح سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز نے کہا کہ یہ میری کیریئر کے بہترین گیمز میں شمار ہوگا، میں بارش نہ ہونے کی دعائیں کررہا تھا، لیکن ہم اپنی منزل کو پانے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گال ٹیسٹ میں ڈرامائی مقابلے کے بعد پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست ہوگئی، پاکستانی کپتان مصباح الحق نے میچ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کیچز ڈراپ کرنے کا خمیازہ ہمیں ناکامی کی صورت بھگتنا پڑا ، خاص کر سنگاکارا کا کیچ ڈراپ ہونا ہمیں خاصا مہنگا پڑ گیا۔

واضح رہے کہ میچ کے چوتھے دن جنید خان کی گیند پر عبدالرحمان میزبان بیٹسمین کا آسان کیچ تھامنے میں ناکام رہے تھے، اس وقت سنگاکارا کا انفرادی اسکور 102 رنز تھا۔

مصباح نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ دوسری اننگز میں ہماری بیٹنگ بھی بہتر ہوسکتی تھی ، وکٹ اچھی تھی لیکن ہم 180 پر آل آؤٹ ہو گئے، بہرحال بہترین ٹیم جیتی، سری لنکا اس کامیابی کا حقدار تھا، ہمیں اس ناکامی کو بھلاکر اگلے میچ پرتوجہ دینا ہوگی۔

دوسری جانب فاتح سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز نے کہا کہ یہ میری کیریئر کے بہترین گیمز میں شمار ہوگا، میں بارش نہ ہونے کی دعائیں کررہا تھا، لیکن ہم اپنی منزل کو پانے میں کامیاب ہوگئے۔

انھوں نے پہلی اننگز میں سنگاکارا کے 221 رنز کو بھی سراہا جبکہ ہیراتھ کی چھ وکٹوں کی پرفارمنس کو بھی ٹیم کی کامیابی کے لیے اہم گردانا، انھوں نے کہا کہ سنگاکارا عظیم پلیئر ہیں اور اسی طرح ہیراتھ نے بھی ناقابل یقین پرفارمنس پیش کی۔

ہم دوسرا ٹیسٹ جیت کر مہیلا جے وردنے کو بھرپور انداز میں ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت کرنا چاہیں گے، مین آف دی میچ لیفٹ آرم اسپنر رنگانا ہیراتھ نے کہا کہ اگرچہ گال کی وکٹ بیٹسمینوں کے لیے سازگار تھی لیکن ہم نے رائٹ ایریا میں گیندیں کرتے ہوئے وکٹیں لیں، بطور اسپنر ہمیں میچ کے چوتھے یا پانچویں دن اپنی مہارت دکھانے کا موقع ملا، یہ فتح ہماری جانب سے مہیلا جے وردنے کو ریٹائرمنٹ کا بہترین تحفہ ہے۔