نیویارک (جیوڈیسک) یونیسیف نے عالمی برادری سے صومالیہ، ایتھوپیا اور انگولا میں صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دو سال سے جاری خشک سالی اور گزشتہ 50 برسوں سے ایل نینیو کے شدید اثرات کے باعث خطے کے بچے خوراک اور پانی کی کمی کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔ خشک سالی سے زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے بعض علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ایتھوپیا میں صورت حال بدترین ہے جہاں ایسے افراد کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ کر ایک کروڑ 80 لاکھ ہو گئی ہے جنھیں خوراک کی ضرورت ہے۔ دو ہفتے قبل زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے ملک کے خشک سالی سے متاثرہ دیہی علاقوں میں ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔
ایک اندازے کے مطابق وہاں 24 لاکھ افراد کو غذائی امداد کی ضرورت ہے۔