اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی میں حکومتی اراکین نے بھی منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء اللہ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں رانا ثناء اللہ نے منشیات برآمدگی کیس میں اپنی گرفتاری اور کیس کی تفتیش پر اظہار خیال کیا۔
رانا ثناء اللہ نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرآن پاک اٹھایا اور کہا کہ اگر اس کیس میں انصاف نہ ہوا تو آج میرا ٹرائل ہو رہا ہے کل دوسروں کا بھی ہو سکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران تین حکومتی اراکین نے بھی مسلم لیگ ن کے رہنما کی حمایت کا اعلان کیا۔
حکومتی اراکین اسمبلی خالد مگسی، سائرہ بانو اور ثناء اللہ مستی خیل نے ایوان میں کھڑے ہو کر رانا ثنا اللہ کی حمایت کا اعلان کیا۔