مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی خواہش اوردعا بھی ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتل گرفتار ہوں، قیادت سے مستعفی ہونے سے متعلق الطاف حسین کے بیان پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ بادامی باغ کے علاقہ میں اغوا اور زیادتی کے بعد قتل ہونے والے بچے احسن کے گھر آمد کے بعد ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات کو بڑے قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
وقت سے پہلے کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے کہا کہ خواہش اور دعا بھی ہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق کے قاتل گرفتار ہوں، قیادت سے مستعفی ہونے سے الطاف حسین کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، تصویر واضح ہونے تک انتظار کیا جائے، حمزہ شہباز نے اس موقع پر مقتول احسن کے والدین سے اظہار تعزیت کیا۔
تین لاکھ کا امدادی چیک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات تکلیف دہ ہیں، پولیس کے نظام کو ٹھیک کرنے کا پروگرام بنارہے ہیں، پولیس کو کہہ دیا ہے کہ سفاک قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔