اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے صادق علی میمن دہری شہریت کیس میں اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے صادق علی میمن دہری شہریت کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل رشید اے رضوی نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے میرے موکیل صادق علی میمن کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے میرا موکل دہری شہریت ترک کر چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیا دہری شہریت کی بنیاد پر نااہل ہونیوالا ساری عمر کیلئے نا اہل ہوجاتا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ دہری شہریت پر نا اہلی مخصوص عرصے کے لئے ہے۔ دہری شہریت رکھنے والا کوئی بھی شخص پارلیمنٹ کا رکن نہیں بن سکتا، جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ دہری شہریت رکھنے والا دوسرے ملک کی شہریت چھوڑنے پر رکن پارلیمنٹ بننے کا اہل ہوگا۔ رشید اے رضوی نے کہا کہ دہری شہریت سے متعلق جب تک سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کاغذات نامزدگی مسترد ہوتے رہیں گے۔
کسی بھی عدالت نے یہ قرار نہیں دیا کہ صادق علی میمن آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت دہری شہریت کیس میں ابہام دور کرنے کیلئے فیصلے پر نظرثانی کرے عدالت نے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔