اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ابوظبی اور دبئی سے 4 خصوصی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد آنے والے افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ مراکز منتقل کر دیا گیا جب کہ ابوظبی میں انتقال کرنے والے شخص کی میت لاہور منتقل کر دی گئی ہے۔
ابوظبی سے 130 مسافر پی آئی اے کی پرواز سے فیصل آباد پہنچے جہاں ان کی اسکریننگ کی گئی۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق 93 مسافرقرنطینہ مرکز جی سی یونیورسٹی منتقل کیے گئے جب کہ 37 مسافروں کو 3 مختلف ہوٹلوں میں منتقل کر کےقرنطینہ کر دیاگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سےآئے تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔
ابو ظبی میں انتقال کرنے والے پاکستانی کی میت بھی پرواز کے ذریعے لائی گئی جسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
گزشتہ شب دبئی سے آنے والی 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے 284 مسافر ملتان بھی پہنچے ہیں۔
پہلی فلائٹ کے ذریعے141 مسافرملتان پہنچے، ان میں سے 88 مسافر لیبرکمپلیکس قرنطینہ مرکز جب کہ 50 مسافر ہوٹل منتقل کر دیے گئے جب کہ 3 مسافروں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری فلائٹ میں 143 مسافر دبئی سے ملتان پہنچے جس میں سے 62 مسافرقرنطینہ مرکز منتقل کر دیے گئے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نطر دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث فضائی آپریشن بھی معطل ہے، اسی صورت حال کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جا رہا ہے۔